لاہور(نیوزڈیسک) ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب، تحریک اںصاف کو پنجاب اسمبلی میں فتح کے باوجود شکست، اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ کے مقابلے میں تحریک انصاف کے ڈپٹی اسپیکر کے امیدوار کو 14 ووٹ کم ملے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا ۔ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے پاکستان تحریک
انصاف کے دوست محمد مزاری اور مسلم لیگ ن کے وارث کلو میں سخت مقابلہ ہوا۔ڈپٹی اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے دوست محمد مزار کو 187 ووٹ ملے جبکہ مسلم لیگ ن کے محمد وارث کو 159 ووٹ ملے۔جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے دوست محمد مزاری کی کامیابی کا اعلان کردیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں آج اسپیکر کا انتخاب کیا گیا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری اقبال گجر کے مابین سخت مقابلہ ہوا۔چوہدری پرویز الٰہی 201 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ چوہدری اقبال گجر کو 146 ووٹ ملے۔ پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے 178 ارکان اسمبلی ہیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو مسلم لیگ ق کے 10 اور دو آزاد اُمیدواروں کی حمایت بھی حاصل تھی۔ان ووٹوں کو دیکھا جائے تو چوہدری پرویز الہیٰ کو 190 ووٹ ملنا تھے جبکہ انکو 201 ووٹ ملے۔چوہدری پرواز الہٰی کو ن لیگ کے 11 اراکین اسمبلی نے بھی ووٹ دیا۔ تاہم ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے معاملے میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا پہنچا۔ تحریک انصاف کے دوست محمد مزاری ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن جیتنے میں تو کامیاب ہوگئے، لیکن پرویز الہیٰ کے مقابلے میں انہیں 14 ووٹ کم ملے۔ یوں پرویز الہیٰ تحریک انصاف کیلئے پریشانی کا باعث بن گئے ہیں۔