اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ چین تحریک انصاف کی قیادت میں پاکستان کی آئندہ حکومت کیساتھ کام کا خواہاں ہے۔جمعرات کو یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان حقیقی دوست جبکہ چین پاکستان کی آئندہ حکومت اور پارلیمنٹ کیساتھ کام کیلئے تیار اور خواہاں
ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے عمران خان پر اعتماد کیا ہے اور چین نئی حکومت کیساتھ تمام شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کریگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی جڑیں انتہائی گہری اور ہر آزمائش پر پوری اتری ہیں، عمران خان کیساتھ ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ ملاقات تعمیری رہی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ عمران خان کو تاحال دورہ چین کی دعوت تو نہیں دی لیکن دونوں ملکوں کے وزارت خارجہ کے حکام اس پر کام کر رہے ہیں اور چینی حکومت عمران خان کا خیر مقدم کریگی۔