اسلام آباد(نیوزڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے منی لانڈرنگ کیس سے بچنے کیلئے پیپلزپارٹی وزیراعظم کیلئے ن لیگ کو ووٹ نہیں دے گی بلکہ وہ ووٹ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو دے گی،پیپلزپارٹی کی قیادت پر شدید دباؤ ہے اور وہ اس دباؤ سے باہر نکلنے کی طاقت وسکت نہیں رکھتے، (ن) لیگ مکمل طور
پر متحد ومنظم ہے اس میں تقسیم کی باتیں کرنے والے دیوانوں کی دنیا میں رہتے ہیں،،ن لیگ کی جیت کو شکست میں خلائی مخلوق نے تبدیل کیا اور اس میں اپنے ہی شامل تھے،،ن لیگ ایک سیاسی قوت کا نام ہے اسکو کوئی توڑ نہیں سکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میاں نوازشریف اور شہبازشریف متحد ہیں کہ ان کے درمیان سے ہوا بھی نہیں گزر سکتی۔پارلیمنٹ میں مسلم لیگ بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی،ہمیں کسی سے اتحاد کی ضرورت نہیں،دھاندلی سے کروڑوں عوام پر مسلط کی جانے والی حکومت کو آسانی کے ساتھ چلنے نہیں دیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میاں نوازشریف کو کرپشن پر نہیں پاکستان کی خدمت کرنے پر سزا دی گئی،ہم ملک کی خدمت کرتے رہیں گے اور عوام کو ووٹ کو عزت دلانے کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔۔پنجاب اسمبلی میں بھی ہماری کمزور اپوزیشن نہیں ہے،ہم ان کو دن میں تارے دکھا دیں گے۔خلائی مخلوق اور ان کے حواریوں کو کسی بھی صورت میں کھل کر نہیں کھیلنے دیں گے۔بیس کروڑ عوام جان چکی ہے کہ ووٹ کسی اور کو ڈالے جاتے ہیں اور بعد میں کسی اور کے نکلتے ہیں،انشاء اللہ نوازشریف عدالتوں سے ہی باعزت رہا ہوں گے اور ملک میں بھرپور طریقے سے سیاست کریں گی۔