لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )عمران خان کی حکومت کے لیے منت مانگنے والا چاچا پی ٹی آئی بنی گالہ پہنچ گیا۔چاچا پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں نے منت مانگی تھی کہ عمران خان الیکشن جیت جائیں تو میں سائیکل پر ان سے ملنے بنی گالہ جائوں گا۔پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات 2018میں شاندار اور تاریخی کامیابی سمیٹ لی ہے۔اس وقت پاکستان تحریک
انصاف کی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 116 تک جا پہنچی ہے جس کے مطابق تحریک انصاف اب آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر مرکز میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔اس کے علاوہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت کے لیے راستہ صاف ہے جبکہ پنجاب میں بھی تحریک انصاف کی حکومت کے امکانات روشن ہو چکے ہیں۔اس وقت 123سیٹیں تحریک انصاف کو ملنے کے قوی امکانات ہیں جس کے بعد وہ آزاد امیدواروں کو ساتھ ملا کر پنجاب کی حکومت بھی بنانے کی پوزیشن میں آ چکے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے جیت کی خوشی اپنے اپنے انداز سے منائی۔تاہم ان حالات میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک کارکن نے جیت کا جشن منانے کے لیے انوکھا انداز اپنایا اور وہ تھے چاچا پی ٹی آئی جو لودھراں سے سائیکل پر سفر کرتے ہوئے آج بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے چاچا پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میری منت تھی کہ اگر پاکستان تحریک انصاف انتخابات جیت گئی تو میں عمران خان سے ملنے سائیکل پر بنی گالہ جاوں گا۔انکا کہنا تھا کہ جب عمران خان جیت گئے تو میں نے اپنی منت پوری کرنے کے لیے لودھراں سے چلا اور پاکستان کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا بنی گالہ پہنچا ہوں۔اس موقع پر چاچا پی ٹی آئی کی خوشی اور انکے چہرے سے جھلکنے والا اطمینان قابل دید تھا۔اس موقع پر انکی سائیکل بھی اور انکا لباس بھی پاکستان تحریک انصاف کے پرچم سے مزین تھا۔