لاہور (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کی سینئر مرکزی رہنماو پنجاب اسمبلی میں نامزد ایم پی اے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے، آزاد اراکین شامل ہو چکے، چند روز میں انصاف حکومت کا قیام عمل میں آ جائیگا، عمران حکومت کے پہلے 100دن مسلم لیگ ن،، پی پی کے دور حکومت
سے ہزار گنا بہتر ہونگے، عمران خان کسی بھی عہدے کیلئے نامزد کریںقبول ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ پنجاب میں حکومت تحریک انصاف کی ہی ہو گی ہمارے پاس عددی اکثریت ہے پنجاب میں بہت مدت بعد عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت آئے گی۔ پاکستان تحریک انصاف ایک نظریاتی جماعت ہے اور ایک نظریہ کے تحت ملک میں کام کر رہی ہے ملک و قوم کی ترقی اور کرپشن سے پاک معاشرہ ہمارا ویژن ہے۔ عمران خان کے وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کا دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ کیلئے یادگار ہوگا،،عمران خان نے موروثی سیاست اور بادشاہت کو ختم کرنے کی ابتداء کردی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہباز دور میں جس سپیڈ کے ساتھ کرپشن ہوئی اسکی مثال نہیں ملتی، نواز شریف کے بعد ملکی سیاست میں شہباز
شریف کا کردار بھی ختم ہونے کے قریب ہے۔ پنجاب اور مرکز میں حکومت بنانے سے متعلق ابہام نہیں ہونا چاہئے، تحریک انصاف پنجاب سمیت ملک بھر سے متعدد ان سیٹوں سے بھی ہاری جہاں جیت یقینی تھی لیکن ہم سسٹم میں رہتے ہوئے اپنے تمام آئینی و قانونی آپشن استعمال کر رہے ہیں مخالفین شکست تسلیم کریں اور اپنی غلطیوں کا احاطہ کریں۔ نواز شریف کو اڈیالہ جاتے دو سال لگے لیکن شہباز شریف کے دو ماہ بھی نہیں لگیں گے کیونکہ سپیڈ شریف کے جرائم کی فہرست طویل اور شواہد موجود ہیں، دوسرا ملکی سیاست میں نواز شریف کے بعد شہباز شریف کا بھی کردار ختم ہونے کے قریب ہے۔