اسلام آباد، لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد وزیراعظم عمران احمد خان نیازی نے قوم سے خطاب میں اعلان کیاتھا کہ جن حلقوں میں دھاندلی کا شور مچایا جارہاہے ، وہ حلقے کھلوادیں گے لیکن دو دن گزرنے کے بعد ہی یہ وعدہ توڑدیا اور خواجہ سعد رفیق کی درخواست پر این اے 131 کے تمام تھیلے کھلوانے کی مخالفت
کردی۔ تفصیلات کے مطابق این اے 131 میں تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی خواجہ سعد رفیق کی درخواست ریٹرننگ افسر اختر بھنگو نے مسترد کر دی ۔ دوران سماعت عمران خان کے وکلاء اور نمائندوں نے مکمل حلقہ کھولنے کی مخالفت کی ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کی گئی تھی جس پر خواجہ سعد رفیق کے ووٹ بڑھ گئے تھے ۔ بعدازاں عمران خان کے وکیل فرحت عباس کاکہناتھاکہ شکست دیکھ کر خواجہ سعد رفیق نے مکمل گنتی کا حربہ اپنایا، اپنی شکست تسلیم کرلیں ۔دوسری طرف خواجہ سعد رفیق کاکہناتھاکہ تحریک انصاف کی درخواست پر علیم خان کا حلقہ کھول دیا گیا جہاں لیڈ ہی ہزاروں میں ہے ، این اے 131 کے نیچے دونوں صوبائی حلقے بھی کھول دیئے گئے لیکن این اے 131 کے بیلٹ باکس نہیں کھولے جارہے ، مسترد ووٹوں کی گنتی پر ہی لیڈ680 سے کم ہوکر 603 پر آگئی ۔ خواجہ سعد رفیق کاکہناتھاکہ پچھلی دفعہ چالیس ہزار ووٹوں کی لیڈ پر تحریک انصاف نے حلقہ کھلوایا لیکن اب چند سو ووٹوں کی لیڈ پر بھی حلقہ کھلوانے سے بھاگ رہے ہیں۔ این اے 131کے تھیلے کھلے تو یہاں سے عمران خان ایم این اے نہیں ہوں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد وزیراعظم عمران احمد خان نیازی نے قوم سے خطاب میں اعلان کیاتھا کہ جن حلقوں میں دھاندلی کا شور مچایا جارہاہے ، وہ حلقے کھلوادیں گے لیکن دو دن گزرنے کے بعد ہی یہ وعدہ توڑدیا ۔