Wednesday December 25, 2024

بریکنگ نیوز!مسلم لیگ ن نے نتائج مسترد کر دیئے

لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکشن 2018ء کے نتائج کومسترد کردیا، صدرن لیگ محمد شہبازشریف نے کہا کہ دھاندلی شدہ نتائج قبول نہیں،،الیکشن کمیشن ذمہ داری نبھانے میں ناکام ہوگیا، ایسے پاکستان ترقی نہیں کرے گا،سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکراحتجاجی لائحہ عمل بنائیں گے۔ وہ آج الیکشن 2018ء کے انتخابی نتائج کے بعد پریس

 

کانفرنس کررہے تھے۔اس موقع پر مشاہد حسین سید، مریم اورنگزیب اور مصدق ملک بھی ان کے ہمراہ تھے، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ صبح 8بجے جب پولنگ کا آغاز ہوا تو ووٹرز کی طویل تعداد قطار میں لگ گئی اور شام 6بجے تک پولنگ اسٹیشنز پر عوام کا ہجوم دکھائی دیا لیکن پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد جو صورت حال دیکھی ایسے خوفناک حالات اپنے سیاسی کیئریر میں آج تک نہیں دیکھے، انہوں نے کہا کہ ایسی دھاندلی کی ہے کہ میرے جیسے شخص کو بھی تحفظات ہیں، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کے انعقاد میں بری طرح ناکام رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان سمیت پورے ملک سے یہ شکایات موصول ہوئیں کہ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال کر دروازوں کو کنڈیاں لگا دی گئیں، لاہور کے کسی حلقے کا رات گئے تک سرکاری اعلان نہ کیا گیا، سردار ایاز صادق،، پرویز ملک حتیٰ کہ میرے انتخابی حلقے میں بھی نتیجہ روکا گیا اور فارم 45 نہ دیا گیا، میرا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ وہ فی الفور فارم 45 کا اجراء یقینی بنائے، پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ ہوا ہے کہ 5سیاسی جماعتیں اسی بات کی شکایت کر رہی ہیں کہ ان کے پولنگ ایجنٹوں کو نکال دیا گیا، انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو آگے لے کر جانا چاہتے تھے، ہم ملک کو 30سال پیچھے لے گئے ہیں، بد ترین دھاندلی سے جمہوری عمل کو دھچکا لگا ہے جو نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کی نالائقی ہے، عوامی مینڈیٹ جو ہوتا ہم قبول کرتے لیکن عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی گئی ہے جو کہ ناقابل برداشت عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم (آج) 26جولائی کو مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بلا کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، اس کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتیں جن کو ہمارے والی شکایات ہیں ان سے بھی رابطے کریں گے، ایک سوال کے جواب میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ سب کا خیال تھا کہ پری پول دھاندلی کی جا رہی ہے جس کا ذکر میں اپنے جلسوں میں بھی کرتا رہا ہوں، 13جولائی کو ہماری پر امن ریلی کے باوجود ہمارے اراکین پر دہشت گردی کی دفعات لگا دی گئی تھیں،انہوں نے کہا کہ ہم الزام تراشی نہیں بلکہ حقائق پر بات کر رہے ہیں، پاکستان کی جمہوری روایات اس قدر متاثر ہوئی ہیں جس کی 70سالہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، اگر ان معاملات کو درست نہ کیا گیا تو بہت بڑی تباہی ہو گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی عوام کا مینڈٹ چوڑی کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، جہاں مسلم لیگ (ن) کا امیدوار کامیاب ہو رہا تھا وہاں سے ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو نکال کر کنڈیاں لگا دی گئیں، ہمارے امیدوار کو نتائج روک دیے گئے، فارم 45کا اجراء بھی نہ کیا گیا، ہمارے پولنگ ایجنٹوں کی تذلیل کی گئی ہے، جس نے تھوڑی ہمت دکھائی ہے اس پر لاٹھی چارج کیا گیا، تاحال 8سے زائد شکایات درج کی جا چکی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اتنی آسانی سے نہ عوامی مینڈیٹ چوڑی کیا جا سکتا ہے اور نہ ہم ایسا ہونے دیں گے۔

FOLLOW US