لاہور (نیوز ڈیسک) جمعیت علما ئے پاکستان نے عام انتخابات میں حلقہ این اے 131میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و حلقہ این اے 131سے امیدوار خواجہ سعد رفیق نے جمعیت علمائے پاکستان کے صدر پیر اعجاز ہاشمی اور سیکرٹری جنرل اویس شاہ نورانی سے ملاقات کر کے حمایت کی درخواست کی ۔ ملاقات میں عام انتخابات اورملک کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے پاکستان کے
اکابرین سے خاندانی رشتہ ہے اور انہوں نے بڑی عزت افزائی کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب رات کے گیارہ بجے عدالت کے فیصلے آئیں گے تو سوال ضرور اٹھیں گے،اتنی تاخیر سے فیصلے کی کیا ضرورت تھی،ایسا فیصلہ بھٹو اور نوازشریف کے خلاف آیا ،ایسے اقدامات معاشرے کو تقسیم کرکے تلخیوں کوابھاریں گے۔ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان ہمیں دشمن سمجھتا ہے ،ہم جنگ نہیں انتخاب لڑ رہے ہیں ۔عمران کے جلسوں میں لوگ نہیں آ رہے اور ان کی رونقیں مانند پڑ گئی ہیں جس کے ذمہ دار وہ خود ہیں کیونکہ لوگ ان کی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو مقدمات میں الجھا دیاگیاہے لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملا،،الیکشن میں سلیکشن نہیں ہو گی کیونکہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے ۔ جب بھی انتقام لیا جائے گا اور کام کرنے سے روکا جائے گا تو عوام رد عمل دیتے ہیں ۔ انشا اللہ لاہور کی تمام قومی او رصوبائی نشستوں سے (ن) لیگ بھرپور کامیابی حاصل کر ے گی ۔انہوںنے جسٹس شوکت صدیقی کے بیان کے حوالے سے کہا کہ اس پر بات نہیں کروں گا۔ اس موقع پر شاہ اویس نورانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کے ساتھ روحانی قلبی رشتہ ہے ،،سعد رفیق اس حلقے سے اکثریتی ووٹوں سے جیتیں گے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے غیر مہذب معاشرہ تشکیل دیا اورلعن طعن کا بیج بودیا۔ جمہوری جماعتوں کو مہذب سیاست کیلئے سوچناہوگا،سیاسی جماعتیں تہذیب کو واپس لائیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے انقلاب کے نام پر لوگوں میں بے حیائی کا فروغ دیا، انہوں نے ہر کسی کی عزت نفس مجروع کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔