لاہور(نیوزڈیسک) قومی ٹیم کے دو لیجنڈری فاسٹ باؤلر ز وسیم اکرم اور وقار یونس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے تبدیلی اور نیا پاکستان بنانے کے نعرے کا ساتھ دینے کااعلان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پوری قوم 25جولائی کو عام انتخاب میں اپنا ووٹ کاسٹ کرے گی اور پاکستان تحریک انصاف ان انتخابات میں کامیابی کے ساتھ
مرکزی حکومت بنانے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وقار یونس نے عام انتخابات سے قبل اپنے سابق کپتان عمران خان کی حمایت کا اعلان کردیا ہے ،اپنے ایک ٹویٹ میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ ” اب بہت ہوگیا ، تبدیلی لانے کا وقت آگیا ہے،،الیکشن کے لیے نیک تمنائیں عمران خان ،ہم آ پ کے ساتھ ہیں“،ایک اور ٹویٹ میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ ” اس ملک میں بہتری لانے کے لیے جو چاہیے وہ عمران خان کے پاس ہے لیکن آپ کو تن من دھن کی بازی لگانا ہوگی،آپ کی دیانت داری پر کوئی شک نہیں کرسکتا ہے اور اس وقت ملک کو اسی کی ضرورت ہے ،ایک دیانت دار لیڈر“۔دوسری جانب لیجنڈری فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے بھی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کی حمایت کا اعلان کیا ، اپنے ٹویٹ میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ” یہ آپ کی قیادت ہی تھی’کپتان ‘ جس کے باعث ہم 1992ءکا عالمی کپ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے اور اب بھی آپ کی قیادت میں ہی ایک بار پھر عظیم جمہوری ملک بن سکتے ہیں “۔ یا د رہے کہ عمران خان 1996ءمیں سیاست میں آمد سے قبل پاکستان کے مشہور ترین کھلاڑی تھے،عام انتخابات سے قبل بھی انہیں ملک کے اہم حلقوں کی حمایت حاصل ہے اور بہت سی اہم شخصیات نے الیکشن سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے ۔