Tuesday November 11, 2025

چئیرمین سینیٹ نے چیف جسٹس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا،صادق سنجرانی کا ڈیموں کی تعمیر کیلیے15 لاکھ روپے دینے کا اعلان

اسلام آباد (نیوزڈیسک) :چئیرمین سینیٹ نے چیف جسٹس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا،صادق سنجرانی نے ڈیموں کی تعمیر کیلیے15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت ایک اہم قومی مسئلہ ہے ۔ملک میں واٹرایمرجنسی کا نفاذ لازمی ہوگیا ہے۔بھاشادیامر اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلیے فنڈز کا قیام احسن اقدام ہے۔ تفصیلات کے مطابق

گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر سے متعلق کیس کیسماعت ہوئی۔ سماعت کے بعد کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے مختصر فیصلہ سنایا ۔ بنچ میں جسٹس عمر عطا بندیال ، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔ سپریم کورٹ نے بھاشا اور مہمنڈ ڈیم کی ترجیحی اور فوری تعمیر کا حکم دیا ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ زندگی بنیادی حق ہے اور پانی کےبغیر زندگی ممکن نہیں۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین واپڈا کی سربراہی میں عملدرآمد کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔ جبکہ رجسٹرار سپریم کورٹ کے نام پر عوامی عطیات حاصل کرنے کیلئے اکانٹ کھولنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔اس حوالے سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اپنے آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے عطیات دیں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں پانی کے سنگین خطرے سے دوچار نہ ہوں ۔ اس حوالے سے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے چیف جسٹس نے پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے بڑا عطیہ دینے کا اعلان کردیا۔ ڈیموں کی تعمیر کیلیے چیف جسٹس ثاقب نثار نے 10 لاکھ روپے عطیہ کیا ۔تاہم اس حوالے

سے ابھی تک اس اکاونٹ میں صرف 12لاکھ روپے جمع ہوئے تھے اس خبر کے باہر آنے کے بعد آرمی چیف نے بھی افسران اور جوانوں کی جانب سے اپنی تنخواہوں میں سے عطیہ دینے کا اعلان کردیا۔ تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چیف جسٹس کو بھی اس معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔صادق سنجرانی نے مہمند ،دیامربھاشا ڈیم کیلیے15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر چئیرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی کاکہنا تھا کہ پانی کی قلت ایک اہم قومی مسئلہ ہے ۔ملک میں واٹرایمرجنسی کا نفاذ لازمی ہوگیا ہے۔بھاشادیامر اور مہمند ڈیم کی تعمیر کیلیے فنڈز کا قیام احسن اقدام ہے۔