اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو عدالت کی جانب سے سزاسنائے جانے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے رد عمل کے طور پر اور آمدہ الیکشن سے پہلے لندن میں جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔نوازشریف اور مریم نواز برطانوی دارالحکومت میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے دھواں دار تقاریر کریں گے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جلسوں اور جلوسوں کے دوران لندن کی معروف کاروباری شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا جبکہ ارکان پارلیمنٹ اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہوں گی جبکہ اس بات کے بھی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ جلسوں کے دوران ہی نوازشریف اور مریم نواز وطن واپسی کا اعلان کریں گے
۔واضح رہے کہ نیب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو دس سال جبکہ مریم نواز کو سات سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی فیصلہ آنے سے قبل ہی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کےلئے لندن روانہ ہوگئے تھے۔