فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف ٹکٹ کی تقسیم کے انتہائی کٹھن اور صبر آزما مرحلے سے گزر رہی ہے ۔ اس اہم مرحلے کے دوران پارٹی کے کئی دیرینہ اور اہم رہنمائوں نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا ۔ اسی طرح بنی گالا میں احتجاج اور پارٹی مخالف بیانات بھی دیکھنے میں آئے ۔فیصل آباد سے پارٹی کے کئی اہم رہنمائوں نے تحریک انصاف کو چھوڑ کر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے ۔این اے 101 سے
تحریک انصاف کے ظاہر اولکھ اور پی پی 104 سے رانا نعیم اقبال بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔این اے 102 سے پی ٹی آئی کے عمیر وصی پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، جب کہ پی پی 106 سے گل مہوٹہ نے بھی تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی کا ٹکٹ حاصل کرلیا ہے۔ حلقہ پی پی 111 سے سابق ٹکٹ ہولڈر نجم الحسن طوطا پہلوان نے آزاد حیثیت میں طوطے کے نشان پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ متعدد حلقوں میں تحریک انصاف کے ناراض کارکنوں نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔