Thursday November 28, 2024

نواز شریف کے برطانیہ میں محلات اور جائیدادوں کے پول کھلتے ہیں مسلم لیگ (ن) بھی حرکت میں آگئی برطانوی اخبارپر کیا سنگین الزام عائد کر ڈالا، چونکا دینے والی رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ برطانوی اخبار کی خبر سیاسی مخالفین کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہے۔نواز شریف کی لندن میں جائیدادوں سے متعلق برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ برطانوی اخبار نے اپنی خبر کو خاص رنگ دے کر پاکستان میں زیر

سماعت مقدمے پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی ہے،ایک ایسے موقع پر اس خبر کا شائع ہونا سابق وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کے دفاع اور ذاتی صفائی کے قانونی حق کے منافی ہے، یہ افسوسناک اور صحافتی غیر جانبداری کے مسلمہ اصول کے برعکس ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ مقدمہ سماعت کے ایک اہم مرحلے میں ہے، ایسی خبر کی اشاعت سے مقدمے کے نتائج پر سوالات اٹھیں گے ٗپاکستان میں انتخابات کے موقع پر برطانوی اخبار کا ایسی خبر شائع کرنا سیاسی مخالفین کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہے، خبر میں قائد مسلم لیگ(ن) اور ان کے اہلخانہ کے موقف کو دانستہ پوری وضاحت سے شائع نہ کرنا بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے، خبر ماضی میں کردار کشی کے لئے استعمال ہونے والے مواد کا چربہ ہے جس کا مقصد محض بے بنیاد الزامات کو نئے سرے سے اچھالنا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہاکہ وہی پرانے الزامات اور من گھڑت کہانی کو بار بار شائع کرنے سے حقیقت نہیں بن جاتی، اس برطانوی اخبار اور اس کے مالکان پر ماضی میں متعدد الزامات لگ چکے ہیں اور وہ خاص سیاسی وابستگی میں بھی ملوث پایا گیا ہے، یہ حقیقت ثابت کرتی ہے کہ خبر کا مواد اور اس کی اشاعت کاوقت اتفاقیہ نہیں، محمد نوازشریف اور ان کی جماعت کا راستہ روکنے کا یہ حربہ نیا نہیں۔‎

FOLLOW US