اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد کے عتیق نامی نوجوان کو اپنی گاڑی تلے کچلنے والا امریکی سفارتخانے کا ملٹری اتاشی اپنے ملک واپس جا چکا ہے ۔ اس کے بعد اب پہلی بار حکومت پاکستان کا موقف بھی سامنےآگیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کہتے ہیں کہ امریکی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو مکمل سفارتی استثنیٰ حاصل تھا
۔ اس لئے وہ واپس اپنے ملک چلا گیا ۔ ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مرحوم نوجوان کے ورثاکو کوئی دیت کی پیشکش کی گئی یا نہیں۔ اس بارے میں مجھے علم نہیں ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اوائل میں امریکی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی کرنل جوزف کی گاڑی نے سگنل توڑ کر ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اس پر سوار 22سالہ عتیق نامی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔