لاہور : سردیوں میں گھریلو صارفین کیلئے گیس کی 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ سردیوں میں 24گھنٹے گھروں میں گیس نہیں دے سکتے،اس بار صرف 8گھنٹے گیس ملے گی۔ نگراں وزیر توانائی نے اپنے بیان میں کہاکہ سردیوں میں گیس کی سپلائی کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں، سردیوں کیلیے ایل این جی کے 2 کارگو کے سودے ہو گئے ہیں۔
محمد علی نے بتایا کہ اس سال سردیوں میں پہلے ہی 18فیصد گیس کم ہے اس لیے اس مرتبہ سردیوں کے سیزن میں صرف 8 گھنٹے گیس ملے گی۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف کی ہدایت پر نگران حکومت نے گیس کے نرخ بڑھانے کی تیاریاں شروع کر دیں،آئندہ ای سی سی اجلاس میں گیس ٹیرف میں اضافے کی سمری پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نگران حکومت نے گیس ٹیرف میں اضافے سے قبل صنعتی اور تجارتی شعبوں کو اعتماد میں لینا شروع کر دیا۔