Friday November 22, 2024

انگلینڈ ٹیم سٹیڈیم میں موجود شائقین کی تعداد سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب رہی، ناصر حسین

احمد آباد : ورلڈکپ کے افتتاحی میچ کے دوران خالی اسٹیڈیم پر ناصر حسین نے بھی طنز کے نشتر برسا دیے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین نے کہا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم جلد وکٹیں گرنے کے باوجود سٹیڈیم میں موجود شائقین کی تعداد سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ جمعرات کو کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز بھارت میں مایوس کن انداز میں ہوا جب احمد آباد کے ایک لاکھ 30 ہزار نشستوں والے نریندر مودی سٹیڈیم میں شائقین کی عدم دلچسپی دیکھنے میں آئی، پورے میچ کے دوران گرائونڈ تقریباً خالی نظر آیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف انگلینڈ کی اننگز ختم ہوتے ہی ناصر حسین نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ وکٹوں کے ابتدائی نقصان کے باوجود انگلینڈ کرکٹ ٹیم سٹیڈیم میں موجود شائقین کی تعداد سے زیادہ رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ دوسری جانب جمعرات کے روز نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ سے ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے آغاز کو عالمی کپ کی آج تک کی تاریخ کا سب سے مایوس کن آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ ورلڈکپ کیلئے نا کسی افتتاحی تقریب کا انعقاد کر سکا، نہ ہی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ کیلئے تماشائیوں کو اسٹیڈیم کا رخ کرنے کیلئے راغب کیا جا سکا۔ جمعرات کے روز احمد آباد میں ہوئے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ کے دوران 1 لاکھ 35 ہزار شائقین کی گنجائش والا اسٹیڈیم تقریباً خالی رہا۔ میچ کے دوران محض چند سو شائقین کی اسٹیڈیم میں موجود رہے، جس پر بھارت کو شدید تنقید اور طنز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دنیا بھر کے کرکٹ ماہرین سوال کر رہے ہیں کہ ٹورنامنٹ کی 4 فیورٹس میں شمار ہونے والی 2 ٹیموں کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں آخر شائقین کیوں اسٹیڈم نہ آئے؟۔ جبکہ پاکستان کے سابق کرکٹر کامران اکمل نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ لوگ تو ہمارے ہاں شادی پر آ جاتے ہیں۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ ورلڈکپ میچز شروع ہونے سے پہلے آن لائن بکنگ ویب سائٹ نے تمام ٹکٹس فروخت ہونے کا دعویٰ کیا تھا جو بظاہر افتتاحی میچ میں جھوٹا نکلا۔

FOLLOW US