اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے سابق رہنما و سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے رواں ماہ نئی پارٹی کے قیام کے اعلان کا عندیہ دے دیا۔ایک انٹرویو میں مصطفی نواز کھوکھر نے نئی پارٹی بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک تجویز ہے کہ انتخابات کے بعد پارٹی کا اعلان ہولیکن میرا خیال ہے کہ الیکشن سے پہلے اعلان کرنا چاہیے، اکتوبر میں پارٹی کا اعلان کردیں گے۔ سینیٹ میں اہم تبدیلیوں کا انکشاف کرتے ہوئے مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ سینیٹ میں تبدیلیوں کی سرگوشیاں شروع ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرگوشیاں ہیں کہ نواز شریف کی وطن واپسی سے قبل ہی سینیٹ میں تبدیلی آئے تاکہ وہ مطمئن رہیں، ہو سکتا ہے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو چیئرمین سینیٹ بنایا جائے۔ مصطفی نواز کھوکھر نے نواز شریف کی وطن واپسی کو ڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی واپسی 100 فیصد ڈیل کے تحت ہے، مسلم لیگ (ن) اپنا بیانیہ ضائع کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ایک بیان دیا اور 2 دن کے اندر شہباز شریف ان کے پاس پہنچے، اس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے اپنا پورا کا پورا موقف تبدیل کرلیا۔سابق سینیٹر نے پیپلزپارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اسٹیبلشمنٹ سے توقعات تھیں، وہ پوری نہیں ہوئیں، اس لیے وہ سیخ پا ہیں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال نے ایسا پلٹا کھایا کہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والے باپ پارٹی کے اراکین مسلم لیگ (ن) اور استحکام پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔