کراچی: ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ منی چینجرز، ایکسچینج کمپنیوں کی سخت نگرانی اور کاروائیوں سے روپیہ مضبوط ہوگیا۔رواں ہفتے امریکی ڈالرمزید کمزور،روپیہ مضبوط تر ہورہا ہے۔ ایک ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر 4 روپے 20 پیسے سستا ہوگیا گزشتہ ہفتے ڈالر 291 روہے 76 پیسے پر بند ہوا تھا۔ ایک ہفتے کے دوران ڈالر 4 روپے 20 پیسے کمی سے 287 روپے 74 پیسے پر بند ہوا ۔اس طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا۔ ایک ہفتے کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے 50 پیسے سستا ہوگیا، ایک ہفتے کے دوران 293 روپے 50 پیسے سے کم ہوکر ڈالر 288 روپے میں فروخت ہوا۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی سے دیگر کرنسیاں بھی سستی ہوگئیں۔
سیکیورٹی اداروں کی سخت نگرانی سے ڈالر میں سرمایہ کاری منجمد رہی۔ہفتہ وار کرنسی رپورٹ کے مطابق غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث مشکوک شعبوں کے خلاف کریک ڈائون کی وجہ سے گزشتہ ہفتے ڈالر تنزلی کا شکار رہا جب کہ ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید 1.38فیصد مضبوط ہوا۔ ڈالر کے انٹربینک و اوپن ریٹ میں فرق مزید گھٹ کر 0.09فیصد رہ گیا۔
گزشتہ ہفتے کریک ڈائون سے خوفزدہ عناصر نے ڈالر کی فروخت کے لیے مارکیٹوں سے رجوع کیا، جس کی وجہ سے سٹہ بازی ختم ہونے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 7ہفتے کی کم ترین سطح پر آگئے جب کہ اوپن ریٹ 11ہفتے کی کم ترین سطح پر ہیں۔ نتیجتا ڈالر کے انٹربینک ریٹ 288روپے سے نیچے اور اوپن ریٹ 288روپے کی سطح پر ہیں۔۔ ہفتہ وار کاروبار میں ڈالر پائونڈ، یورو، درہم اور ریال کی قدر میں کی کمی کا سلسلہ برقرار رہا اور ڈالر کے انٹربینک و اوپن ریٹ میں فرق مزید گھٹ کر 27پیسے رہ گیا۔