حیدر آباد: بھارت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے استقبال کیلئے حیدرآباد دکن کے ائیرپورٹ پر موجود مشہور کرکٹ فین ‘چاچا بشیر’ سے سکیورٹی اہلکاروں نے پاکستانی جھنڈا لے لیا۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ کھیلنے بھارت پہنچ گئی ہے، قومی کرکٹ ٹیم کا طیارہ حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، 20 سے زائد سکیورٹی کی گاڑیاں ائیرپورٹ پر موجود ہیں جبکہ مختلف چینل سے پاکستان ٹیم کی بھارت پہنچنے کی لائیو کوریج بھی کی جا رہی ہے۔
تاہم پاکستانی فین چاچا بشیر نے قومی کرکٹ ٹیم کےبھارت پہنچنے پر راجیو گاندھی ائیرپورٹ پر پاکستان کا جھنڈا تھامے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، جس پر سکیورٹی حکام نے چاچا بشیر سے پاکستانی جھنڈا لے لیا۔ذرائع کے مطابق چاچا بشیر کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ پر پاکستان ٹیم کے استقبال کیلئے پاکستانی جھنڈا لیکر گیا تھا، سکیورٹی والوں نے جھنڈا لے لیا۔ چاچا بشیر کا کہنا تھا کہ میرے کپڑے پاکستانی رنگ کے ہیں۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے پاکستانی فین چاچا بشیر آج ہی امریکا سے بھارت پہنچے تھے۔