پاکستان کے شہرہ آفاق اسلامک اسکالر مولانا طارق جمیل کا کہنا ہے کہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان سمیت ان کی بہنیں اپنے گھر میں باقاعدگی سے ان کا بیان سنتی ہیں۔ حال ہی میں مولانا طارق جمیل نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ سلمان خان انہیں بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور ان کے بیانات بھی سنتے ہیں۔ دوران انٹرویو میزبان نے سوال کیا کہ ’آپ نے مجھے کہا تھا کہ بالی وڈ اداکار عامر خان نے مجھے بتایا کہ سلمان خان کے گھر بھی بیان چلتے ہیں، کیا آپ کو یادہے؟‘
جواب میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ’عامر خان نہیں بلکہ میرے ایک دوست ہیں جن کا کاروبار ہندوستان میں بھی ہے، وہ ممبئی گئے تو ان کے پارٹنر نے ان کی ملاقات سلمان خان سے کروائی‘۔
طارق جمیل نے مزید بتایا کہ ’سلمان خان کو جب معلوم ہوا کہ یہ شخص پاکستان سے آئے ہیں تو انہوں نے پوچھا کیا آپ مولانا طارق جمیل کو جانتے ہیں؟ جس پر میرے دوست نے کہا کہ آپ کو ان کا کیسے پتا؟ وہ میرے دوست ہیں، اس پر سلمان خان میرے دوست کو اپنے گھر کے اندر لے گئے جہاں ایک دیوار کے ساتھ لگے ریک میں میرے بیان کی ڈھیروں سی ڈیز موجود تھیں‘۔
اسلامک اسکالر نے مزید کہا کہ سلمان خان اور ان کی بہنیں بھی باقاعدہ میرا بیان سنتی ہیں اور ان کے گھر میں بھی میرے بیانات سنے جاتے ہیں۔
مفتی انس اور ثنا خان کے بیٹے کا نام مولانا کے نام پر رکھنے پر ردعمل:
بھارت کی سابقہ اداکارہ ثنا خان اور مفتی انس کے بیٹے کا نام مولانا طارق جمیل کے نام پر رکھا گیا جس پر مولانا نے ردعمل دیا اور کہا ‘ان کی شادی کا ذریعہ اللہ نے مجھے بنایا تھا، ثنا نے مجھ سے پوچھا کہ میں آپ کے نام پر بیٹے کا نام رکھ دوں؟’ بات جاری رکھتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا ‘میں نے جواب دیا ضرور رکھو، میرے لیے خوشی کی بات ہے’۔