Saturday November 16, 2024

مفتی تقی عثمانی پاکستانی لڑکیوں کے عالمی مقابلہ حسن میں حصہ لینے پر شدید برہم

کراچی : مفتی تقی عثمانی پاکستانی لڑکیوں کے عالمی مقابلہ حسن میں حصہ لینے پر شدید برہم، حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ مفتی تقی عثمانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 5 دو شیزائیں عالمی مقابلہ حسن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، اگر یہ سچ ہے تو ہم کہاں تک نیچے گریں گے؟۔ یاد رہے کہ مِس یونیورس کے مقابلے کی تقریب رواں سال ایل سلواڈور میں منعقد کی جائے گی۔

یہ بھی واضح رہے کہ تاریخ میں پہلی بار دنیا کے سب سے بڑے مقابلہ حسن ’’مس یونیورس‘‘ میں پاکستانی حسینائیں حصہ لیں گی۔ 200 سے زائد امیدواروں سے 5 پاکستانی دو شیزاؤں کا انتخاب ہوا ہے، مس یونیورس پاکستان 2023 کے لیے ٹاپ 5 فائنلسٹ میں کراچی کی ایریکا رابن، لاہور کی حرا انعام، راولپنڈی کی جیسکا ولسن، پنسلوانیا سے پاکستانی نژاد امریکی ملیکہ علوی اور پنجاب کی سبرینا وسیم شامل ہیں۔ مقابلے میں حسیناؤں نے مالدیپ میں فوٹو شوٹ میں حصہ لیا اس دوارن انہوں نے فلپائنی ڈیزائنر کے ملبوسات زیب تن کیے۔ واضح رہے کہ پانچوں حسیناؤں میں سے ایک کو فاتح قرار دیا جائے گا، مس یونیورس پاکستان اس سال نومبر میں ایل سلواڈور میں ہونے والے عالمی مس یونیورس مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔

FOLLOW US