Monday November 25, 2024

پی آئی اے کے متعدد طیاروں کو سعودی عرب اور یو اے ای میں روک لیا گیا

اسلام آباد : پی آئی اے کے متعدد طیاروں کو سعودی عرب اور یو اے ای میں روک لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے مطابق دبئی اور دمام ایئر پورٹس پر حکام نے پی آئی اے طیاروں کو ایندھن فراہمی سے بھی انکار کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کے دمام میں ایک طیارے کو جبکہ دبئی ایئرپورٹ پر 4 طیاروں کو ایندھن واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے روک لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے ملازمین کو تاحال اگست کی تنخواہ نہیں ملی، ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن کو جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ایاٹا نے بھی پی آئی اے کو خدمات کی فراہمی بند کردی تھی، تاہم پی آئی اے کی طرف سے ساڑھے 3 ملین ڈالرکی فوری ادائیگی پر ایاٹا سروس بحال ہوئیں۔ پی آئی اے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ طیارے کم ہونے کے باعث ایئرلاین کی پروازیں محدود ہوگئی ہیں۔ اس وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی آمدنی میں کروڑوں روپے کی کمی آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ایئرلائن کو فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہونا شروع ہو گیا ہے، اور پی آئی اے کی کراچی سے جانے والی دو طرفہ 14 پروازیں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس او سے طیاروں کا ایندھن ملنے میں مشکلات کی وجہ سے کراچی سے تربت، بہالپور، فیصل آباد، اسلام آباد، اور لاہور کی دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں، کراچی سے سکھر کی پرواز بھی منسوخ کی گئی۔

FOLLOW US