کولمبو: پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ 2023 کے دوسرے مرحلے میں سپر فور کا میچ بارش کے باعث روک دیا گیا۔ کولمبو میں کھیلے جارہے اس میچ میں بارش کے آنے سے قبل بھارت نے 24 اعشاریہ 1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنالیے تھے۔ ایشیا کپ میں قوانین کی تبدیلی کے بعد پاک بھارت میچ کےلیے ریزرو ڈے پر بھی رکھا گیا ہے۔ تاہم اگر ایمپائرز نے میچ کو ریزرو ڈے سے پہلے ہی ختم کرنے کا فیصلہ کیا
اور بھارت کو اوورز کی کٹوتی کے بعد دوبارہ بیٹنگ کرنے کا موقع نہ ملا اور پاکستان کو بھی 24 اوورز ہی کھیلنے پڑے تو گرین شرٹس کو جیت کےلیے 206 رنز کا ہدف ملے گا۔دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اگر کھیل کو 20 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تو پاکستان کو جیت کےلیے 20 اوورز میں 181 رنز کا ہدف ملے گا۔واضح رہے کہ آج کھیل نہ ہونے کی صورت میں کل یہیں سے میچ دوبارہ شروع ہوگا۔