کولمبو : ایشیاء کپ فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم کا فیصلہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے کولمبو میں سپر 4 مرحلے کے دوسرے میچ میں فتح حاصل کر کے بنگلہ دیش کو فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ سری لنکا کی جانب سے سپر 4 مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 258 رنز کا ہدف دیا گیا، تاہم ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 236 رنز پر ڈھیر ہو گئی، یوں سری لنکا نے 21 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔
جبکہ سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے ہاتھوں، مسلسل 2 میچز میں شکست کے باعث بنگلہ دیش فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔ اس سے قبل کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرر 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 257 رنز بنائے۔ سدیرا سمارا وکراما نے 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، انکے علاوہ کوشل مینڈس 50 اور پاتھم نسانکا 40 رنز بنا کر قابلِ ذکر بلے باز رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود اور تسکین احمد نے تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شورف الاسلام 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ کوشش ہوگی سری لنکا کو کم سے کم ٹوٹل پر آؤٹ کرکے میچ میں کامیابی سمیٹیں۔ شکیب الحسن نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، عفیف حسین کی جگہ نسوم احمد کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔