Saturday November 23, 2024

دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیلیے کوئی جگہ نہیں ہے،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 259ویں کورکمانڈر کانفرنس ہوئی ، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں سے ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی ۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیلیے کوئی جگہ نہیں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں منعقد ہونے والی کورکمانڈرکانفرنس میں ملک کی موجودہ صورتحال بالخصوص سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لئے مذموم پروپیگنڈا کرنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا اور انشاء اللہ ایسے عناصر مزید رسوائی کا شکار ہوں گے۔ اعلامیے کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں 6 ستمبر کو ملک بھر میں یومِ دفاع و شہدا ء کوبھرپور طریقے سے منانے پر پاک فوج نے اپنی قابلِ فخر قوم کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کے دوران ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے بارڈر اضلاع میں پائیدار امن و ترقی پر بھی زور دیا گیا۔ کانفرنس کے شرکا نے عزم کا اعادہ کیا کہ ”ملک میں معاشی سرگرمیاں جو اس وقت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)کی زیر نگرانی جاری ہیں، اُس کی مکمل حمایت کی جائے گی، ایسی تمام سرگرمیاں جو معاشی استحکام اور غیر ملکی سر مایہ کاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے خاتمے کیلئے حکومت کی مکمل معاونت کی جائے گی“ ۔

اعلامیے کے مطابق ”آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا اور فوجیوں کی فلاح و بہبود اور حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل توجہ دینے پر کمانڈرز کی تعریف کی جو فوج کی آپریشنل تیاری کی بنیاد ہے۔“ کانفرنس کے شرکاء نے ہر قسم کے بلواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکا کو قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان اور سول سوسائٹی کے شہداء جنہوں نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور وقار کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اُن کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا شرکا نے کہا کہ ریاست پاکستان،مسلح افواج کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو ہمیشہ احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں شہداء کے ایصال وثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

FOLLOW US