Saturday November 23, 2024

عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر ایک لندن، دوسرا دبئی اور تیسرا سعودی عرب بھاگ گیا: شیخ رشید

راولپنڈی : سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عوام کو معاشی عذاب میں ڈال کر خود بیرون ملک بھاگ گئے ہیں اور ملبہ نگران حکومت پر ڈال رہے ہیں۔ ایک لندن، دوسرا دبئی اور تیسرا سعودی عرب چلا گیا ہے اور عوام بیچارے سڑکوں پر دھکے کھا رہے ہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹویٹر )پر جاری بیان میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہنا ہے کہ گزشتہ روز کی شٹر ڈاؤن ہڑتال نے بھی ثابت کیا ہے کہ کاروباری طبقہ بھی مسائل کے شکنجے میں آگیا ہے، 48 گھنٹے میں بجلی میں ریلیف دینے کی بات کی گئی تھی، ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ پکڑ دھکڑ وقت ضائع کرے گی اور نفرت کو بڑھائے گی، بات چیت کی ضرورت ہے اور بات چیت سے ہی حل نکلے گا۔ سیاست میں کبھی بھی بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے جاتے، ڈنڈا مسائل کا حل نہیں رہا۔ حالات بہتری کی طرف لے کر جانے پڑیں گے ۔ شیخ رشید کا مزید کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے عدلیہ کے فیصلوں کو بھی نہیں مانا جارہا، اس وقت پاکستان کو سیاسی استحکام کی اشدضرورت ہے، استحکام نہیں آئےگا تو حالات سنگین اور گھمبیر ہو جائیں گے، ستمبر اہم ترین مہنیہ ہے دیکھنا یہ ہے یہ ستمگر ہوگا یا عوام کے لیے خوش آئند ہوگا۔

FOLLOW US