اسلام آباد: پاکستانی قوم ایک آج 76 واں یوم آزادی جوش و خروش سے منا رہی ہے تو دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عہدے کا حلف اٹھا لیاہے ، اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے بھی قوم کو امید دلائی ہے ۔ نگران وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو مایوس نہیں ہونے دینا چاہیے ، ہمارے صحافی ، سیاسی رہنما اور دیگر نامور شخصیات کوبھی چاہیے کہ وہ قوم کو امید دلائیں اور ان کے حوصلے بلند رکھیں ۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کے پاس سب کچھ ہے ،تمام وسائل موجودہیں جن کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد ہی مشکلات پر قابو پا لیں گے ، ہمیں اپنے حوصلے بلند رکھتے ہوئے ملک کی ترقی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانا ہمارا مشن ہے،افواج پاکستان اور عوام ایک تھے اور ایک رہیں گے،ہماری ترقی ہماری آئندہ نسلوں کی ترقی کی ضامن ہوگی،ہمیں خوف اور مایوسی پھیلانے والوں کا منفی پروپیگنڈا مسترد کرناہوگا۔