Sunday November 24, 2024

13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے آخری ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر میں بڑی کمی

اسلام آباد : 13 جماعتوں کی اتحادی حکومت کے آخری ہفتے میں زرمبادلہ ذخائر میں بڑی کمی، 110 ملین ڈالرز کی کمی سے ملک کے مجموعی ذخائر 14 ارب ڈالرز کی سطح سے نیچے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر 13.33 ارب ڈالر ہوگئے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 4 اگست 2023 کو اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 8.04 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 5.29 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 110 ملین ڈالر کی کمی ہوئی ۔ دوسری جانب پاکستانی روپے کی بے قدری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 13 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 287 روپے 59 پیسے پر بند ہوئی ہے۔
جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے اضافے سے 296 روپے کا ہوگیا ۔ جبکہ جمعرات کا روز اسٹاک مارکیٹ کیلئے بھی مایوس کن ثابت ہوا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن رہا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان رہا تاہم کاروبار کا اختتام 419 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ ہوا،انڈیکس 47 ہزار 808 پر بند ہوا ہے۔ کاروباری دن کے دوران 100 انڈیکس 996 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، بازار میں آج 32 کروڑ شیئرز کے سودے 12 ارب 75 کروڑ روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 54 ارب روپے کم ہوئی ہے جو کاروبار کے اختتام پر 7 ہزار 144 ارب روپے ہے۔

FOLLOW US