Friday November 22, 2024

تاریخ کی مایوس کن اور بدترین پارلیمنٹ کا آج آخری دن ہے، آج اس سے عوام کو چھٹکارا مل جائے گا۔شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد : شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی بدترین اسمبلی رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج تاریخ کی مایوس کن اور بدترین پارلیمنٹ کا آخری دن ہے،آج اس سے عوام کو چھٹکارا مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوشی بھی ہے اور ندامت بھی،قوم سے معافی مانگتا ہوں۔ ایوان میں اکثر بل پڑھے بغیر پاس ہو جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کر دی گئی ہے،سمری وزارت پارلیمانی امور نے ارسال کی۔ وزیراعظم شہباز شریف اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھیجیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں تاریخ کا خانہ خالی چھوڑا گیا ہے،جبکہ اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

جبکہ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آج ہماری حکومتی مدت ختم ہو جائے گی،اقتدار نگران حکومت کے حوالے کردیں گے۔ حکومت اور اداروں نے مل کر ترقی کا جامع نظام وضع کر دیا ہے،جلد پاکستان قرضوں سے جان چھڑا کر قدموں پر کھڑا ہو گا،ورنہ یقین کریں تمام باتیں بھلا دی جائیں گی۔ انکا کہنا تھا کہ ہمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم کے نظام پر متفق ہونا ہو گا۔ دنیا کے سامنے سر اٹھا کر چلنے کے کچھ اور بھی تقاضے ہیں،14اگست کی یوم آزادی کے موقع پر فیصلہ کرنا ہو گا،اگر اور کچھ نہیں تو ہمیں اپنے شہیدوں کی قربانیوں کا احترام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ شبانہ روز محنت کریں،ایک عظیم قائد ، قائد اعظم کی قیادت میں پاکستان بنا مگر خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا۔ شہباز شریف نے بتایا کہ کل میں نے اپنی حکومت کی آخری میٹنگ کی تھی،ہم نے زراعت کو مل کر ترقی دینی ہے۔

FOLLOW US