Friday November 22, 2024

توہین صحابہؓ، اہلبیت و امہات المومنینؓ کا بل سینیٹ سے منظور

اسلام آباد : سینیٹ نے توہین صحابہؓ، اہلبیت اور امہات المومنینؓ کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس میں یہ بل آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے رکن سینیٹر عبدالکریم نے پیش کیا اور کہا کہ یہ بل چھ ماہ سے زیر التوا ہے لہذا اب اسے مزید تاخیر کا شکار نہ کیا جائے اور ایوان اسے منظور کر کے قانون سازی کرے۔

بل پیش کرنے پر جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر صحابہ کرام اہلبیت عظام امہات المومنین کی انتہائی گستاخی کی جارہی ہے، جو سوشل میڈیا پر توہین ہورہی ہے وہ اس ایوان میں بیان بھی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام اہلبیت و امہات المومنین کی توہین کے ثبوت لیگل کمیشن برائے توہین نے ہمیں فراہم کیے ہیں، سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی توہین روکی جائے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ قومی اسمبلی نے متفقہ طورپر توہین روکنے کا بل منظور کیا ہے اسے یہاں بھی متفقہ منظور کیا جائے۔ ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قرآن نے جب صحابہ و اہلبیت کو عظیم قرار دیا تو ہم ان کی توہین روکنے کے لئے کیوں قانون سازی نہ کریں، یہاں سے قومی اسمبلی کی طرح متفقہ قانون سازی کرکے دنیا کو پیغام دیں، جس طرح انبیا کی توہین کی سزا ہے اسی طرح صحابہ و اہلبیت کی توہین کی بھی سزا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحابہ و اہلبیت و امہات المومنین کی توہین کی سزا تین سال بہت کم تھی اسے بڑھایا جارہا ہے، توہین کی سزا کم ہونے کی وجہ سے صحابہ و اہلبیت و امہات المومنین کی توہین ہورہی ہے، ہم اللہ کو کیا جواب دیں گے کہ ان اصحاب و اہلبیت کی توہین ہورہی تھی اور ہم ان کی توہین روکنے کے لئے لیت و لعل سے کام لے رہے تھے۔ سینیٹر پیر صابر شاہ نے کہا کہ توہین صحابہ و اہلبیت و امہات المؤمنین بل کو پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں توہین صحابہ و اہلبیت و امہات المومین روکنے کے بل کی حمایت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت حسنین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی جو شان بیان کی گئی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے ایوان میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی نمائندے کی حیثیت سے میں اس بل کو منظور کرنے کی حمایت کرتا ہوں اور ایوان کی جو رائے ہے اس کا ساتھ دوں گا۔

ایوان میں موجود مسلم لیگ ن کے سینیٹر ساجد میر نے بھی بل کی حمایت کی جبکہ پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے بل کمیٹی کو بھیجنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یہ بھی دیکھا بھی نہیں ہے لہذا اسے قائمہ کمیٹی کو بھیجا جائے۔ اس پر سینیٹر کامل علی آغاز نے بھی کہا کہ کمیٹی یہ بل دیکھے گی بھی نہیں۔ سینیٹر حافظ عبدالکریم نے شیری رحمان کے اعتراض پر کہا کہ پہلے ہی یہ بل چھ ماہ سے لٹکا ہوا ہے لہذا آپ مزید تاخیر نہ کریں۔ اس پر چیئرمین سینیٹر صادق سنجرانی نے وزیر مذہبی امور کی بل کی حمایت پر منظوری کا اعلان کیا اور بتایا کہ سینیٹ نے توہین صحابہ و اہلبیت عظام و امہات المومنین بل 2023کی منظورے دے دی۔

FOLLOW US