Friday November 22, 2024

لاہور میں امیرزادوں کا بزرگ گارڈ پر بیہمانہ تشدد کا واقعہ، ویڈیو سامنے آ گئی

لاہور: بزرگ گارڈ پر امیرزادوں کے تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے پوش علاقے میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر پیش آیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بزرگ گارڈ سامنے سے آنے والی گاڑی کو رانگ پارکنگ سے روکتے ہیں جس پر ایک اسلحہ بردار شخص گاڑی سے اترتا ہے اور بزرگ شہری کو ہراساں کرنا شروع کر دیتا ہے۔ اتنے میں گاڑی میں موجود دیگر افراد بھی باہر آتے ہیں اور بزرگ گارڈ پر تشدد شروع کر دیتے ہیں۔بااثر افراد نے بزرگ شہری کی عمر کا بھی لحاظ نہ کیا اور تھپڑوں کی بارش کر دی، ملزمان برزگ گارڈ پر لاتوں سے بھی حملہ کرتے رہے۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سینیٹر آصف کرمانی نے بھی ویڈیو سوشل میڈیا پر شئیر کرکے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے، ان بدمعاشوں کو پکڑ کر سزا دینی چاہئیے خیال رہے کہ اس سے قبل 25 اپریل2023ء کو بھی ایک واقعہ رپورٹ ہوا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ تھانہ ڈیفنس سی کی حدود میں ریسٹورنٹ میں آنے والی خواتین کو حراساں اور چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر بگڑے امیر زادوں نے ریسٹورنٹ پر دھاوا بول دیا ،بگڑے امیر زادوں نے ریسٹورنٹ میں توڑ پھوڑ کرڈالی اور وہاں موجود فیملیز اور ریسٹورنٹ سٹاف کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے بتایا کہ ملزمان نے ریسٹورنٹ میں غنڈہ گردی کے بعد فون کرکے مزید مسلح ساتھیوں کو بھی بلا لیا۔ ساتھیوں نے ایک بار پھر توڑ پھوڑ کی اور فیملیز اور اسٹاف کو دھمکاتے رہے۔ واقعہ کے 30 منٹس بعد پولیس موقع پر پہنچی لیکن ملزمان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی۔ریسٹورنٹ انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان اب تک مسلسل ریسٹورنٹ کے گرد چکر لگا رہے ہیں اور دھمکیوں پہ دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ریسٹورنٹ کے مینیجر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں درخواست دائر کی گئی۔

News Source: UrduPoint

FOLLOW US