راولپنڈی : شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 10 اگست کو اتحادی تیتر بیتر ہوجائیں گے۔نگران وزیراعظم وہی آئے گا جس کو لانے والے لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 85 ارکان کی دنیا کی سب سے بڑی کابینہ اور 20 سے 25 کروڑروپے کی سلامی لے کر پارٹیاں بدلنے والے ممبر دو گھنٹے میں 52 بل پاس کرتے ہیں،آخری ہفتے میں اسمبلی کو بلوں کی فیکٹری بنا دیا گیا ہے۔
حکومت صرف چار دن کی مہمان اداکار رہ گئی ہے،ظلم،بربریت چنگیزیت کی ایسی تاریخ چھوڑ کر جارہی ہے جو ہمیشہ سیاہ الفاظ میں یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہمارے گھروں سے گاڑیاں گھڑیاں،نقدی اور فون لے جاتی ہے،عورتوں اوربچوں کو لاپتہ کر دیتی ہے اور عدالتیں تماشہ دیکھتی رہ جاتی ہیں۔ اگر غلطی سے اُن کی ضمانت ہو بھی جائے تو جیل کے دروازے پر ہی دوسرے کیس میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے،10 اگست کو اتحادی تیتر بیتر ہوجائیں گے،گزشتہ رات بھی اسلام آباد پولیس میری تلاش میں میرے دوست کے گھر پر توڑ پھوڑ کر ایک ملازم کو اٹھا کر لے گئی۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے حوالے سے آرمی چیف سے درخواست کروں گا کہ اپنی کسی ایجنسی کی ڈیوٹی لگائیں اور تحقیقات کرائیں۔
سی پی او روالپنڈی اور دیگر کے روئیے سے اداروں کے مقام اور شہرت کو ایسے لوگ کتنا نقصان پہنچا رہے ہیں؟۔ انکا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے کل کے فیصلے نے الیکشن کمیشن کو واضح ہدایت جاری کر دی ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ ازخود آگے نہیں بڑھا سکتا۔ نگران وزیراعظم وہی آئے گا جس کو لانے والے لائیں گے،باقی کمپنی کی مشہوری ہے۔