Saturday November 23, 2024

یہ تو شروعات ہے، توشہ خانہ کیس میں بڑے بڑے انکشافات ہوں گے،بہت جلد چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر سے بھی گواہیاں آئیں گی،عون چوہدری

اسلام آباد : عون چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری سیاسی استحکام کیلئے بہتر ثابت ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق رہنما استحکام پاکستان پارٹی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے دورِ حکومت میں لوگوں کو جھوٹے کیسز میں جیل بھجوایا،آج ان کے ساتھ انصاف ہوا ہے۔ یہ تو شروعات ہے،توشہ خانہ کیس میں بڑے بڑے انکشافات ہوں گے۔ بہت جلد چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر سے بھی گواہیاں آئیں گی،

جو آپ دوسرے کے ساتھ کریں گے وہ آپ کے ساتھ بھی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو سمجھنا چاہیے کہ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام ضروری ہے،نوجوانوں کے ذہنوں کو آلودہ کیا گیا۔ 9 مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ پاکستان کا دشمن ہی کر سکتا ہے،9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والے کو آج گرفتار کر لیا گیا۔
ملک میں نفرت کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔ جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کے فیصلے کو ’مکافاتِ عمل‘ قرار دیا۔اللہ الحق ہے،یہ مکافاتِ عمل ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ انسان جو بوتا ہے وہی کاٹتا ہے۔ خیال رہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کر لیا ہے،پولیس کی گاڑی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ کے اندر گئی تاہم عمران خان نے گرفتاری کے وقت مزاحمت نہیں کی۔ جبکہ پولیس لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارنے میں مصروف ہے۔ پولیس کو کارکنوں اور رہنماؤں کی فہرستیں دوبارہ فراہم کر دی گئیں اور کسی بھی احتجاج کی صورت میں مظاہرین کو فوری حراست میں لیا جائے گا۔

FOLLOW US