لاہور : اسلام آباد کی سیشن عدالت کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی فوری گرفتاری کے حکم پر پولیس کی بھاری نفری زمان پارک پہنچ گئی۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق زمان پارک کے قرب و جوار میں پولیس کی غیر معمولی نقل وحرکت دیکھی گئی۔ پولیس نے مال روڈ سے دھرم پورہ جانے والی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور ہر قسم کی ٹریفک کو بند کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایس پی سول لائن حسن جاوید بھٹی بھی پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ زمان پارک کے قریب موجود ہیں۔
توشہ خانہ کیس میں جج ہمایوں دلاور نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں۔ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ فوجداری کیس کا فیصلہ کچھ دیر قبل سنا یا۔
جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان پر الزام ثابت ہوتا ہے۔ملزم نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا۔ عدالت نے عمران خان کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔عدالت نے عمران خان کو تین سال قید کا حکم دیا۔عدالت نے چئیرمین پی ٹی آئی پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔