Tuesday November 11, 2025

آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی رینکنگ جاری کر دی۔۔قومی ٹیم کونسے نمبر پر آگئی؟

دبئی (نیوزڈیسک)آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کرکٹ کی سالانہ رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں گرین شرٹس اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہیں جبکہ ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ نے بھارت کو نیچے دھکیل کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے

مطابق ٹی ٹوئنٹی میں گرین شرٹس کی حکمرانی برقرار ہے۔ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ 7 پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں آئی تاہم افغانستان نے ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کرلی جبکہ سری لنکن ٹیم نویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ پاکستان ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی تاہم بھارت نے 2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں جس کے بعد 123 پوائنٹس کے ساتھ اس کا تیسری پوزیشن پر قبضہ مستحکم ہوگیا ہے، انگلینڈ کو ایک سولیٹیری پوائنٹ ملا ہے جس کے بعد یہ ٹیم 115 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہی موجود ہے۔دوسری جانب ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ نے انڈیا کو نیچے دھکیل کر پہلی پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے۔ برطانوی ٹیم آخری بار جنوری 2013 میں ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئی تھی ۔ سالانہ رینکنگ میں انگلینڈ کو 8 پوائنٹس ملے جس کے بعد اس کا سکور 125 ہوگیا اوریہ تیسرے سے پہلے نمبر پر آگئی جبکہ بھارتی ٹیم ایک پوائنٹ کھو کر 122 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ جنوبی افریقہ کے بھی 4 پوائنٹ کم ہوئے اور یہ 114 پوائنٹس کے ساتھ دوسری سے تیسری پوزیشن پر چلی گئی۔ون ڈے رینکنگ میں

دیگر پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں آئی تاہم چیمپیئنز پاکستان ٹیم نے 6 پوائنٹس حاصل کرکے اپنا سکور 102 کرکے چھٹی پوزیشن پر قبضہ مزید مضبوط کرلیا ہے۔ پانچویں نمبر پر ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا ہے جس کے پاس گرین شرٹس سے 2 پوائنٹس زیادہ ہیں۔