لاہور: سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے خلاف سازش کی ڈوریاں لندن سے ہلائی جارہی ہیں۔سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا تو شہباز شریف توہین عدالت کے جرم میں نااہل ہوں گے۔شہباز شریف توہین عدالت کے جرم میں جیل جائیں گے۔پرویز الٰہی نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی آئی ایم ایف کو ان کی گارنٹی دینے کو تیار نہیں۔ شہباز شریف کی حکومت کمزور بیساکھیوں پر کھڑی ہے، جس کا کوئی مستقبل نہیں۔دنیا تحریک انصاف کو دوبارہ اقتدار میں آنے والی پارٹی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
امریکہ میں عمران خان کے دوبارہ وزیر اعظم بننے کی باتیں ہو رہی ہیں۔دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر چوہدری پرویز الٰہی نے مختلف رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے،سابق وزیراعلٰی پنجاب نے خالد مقبول صدیقی،مصطفٰی کمال اور وسیم اختر کو ٹیلی فون کیا۔ صدر پی ٹی آئی نے طاہر القادری کے بیٹے حسن محی الدین اور خرم نواز گنڈا پور سے بھی رابطہ کیا،پرویز الٰہی نے تمام رہنماؤں سے موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ دوسری جانب وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان ایک بار پھر اصولی لڑائی لڑنے نکلے ہیں،آئین کی پاسداری کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے،ایم کیو ایم پاکستان سے رابطہ کیا ،سندھ کی دیگر سیاسی جماعتوں اور جماعت اسلامی سے کل بات ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ عمران خان نے مجھے اور پرویز الٰہی کو ذمہ داری سونپی ہے،کل کراچی جاؤں گا اور جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات کروں گا۔پی پی ہمیشہ آئین کی بات کرتی تھی اب خاموش کیوں ہے؟ انکا کہنا تھا کہ حکومت آئین پر حملہ کر رہی ہے اور ہم آئین پر عمل چاہتے ہیں،آئین پر عمل نہ کیا گیا تو ملک کو بہت نقصان ہو گا۔ مجھ پر الزام ہے میں نے لوگوں کو اکسایا،میں اکسانے والوں سے نہیں سمجھنے والوں میں سے ہوں۔