لاہور : تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری ، حماد اظہر اور فرخ حبیب کی عبوری ضمانت عدم پیشی کی بنا پر مسترد کر دی گئی۔ نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق دہشت گردی دفعات کے تحت پولیس پر تشدد اور جلاو گھیراو کے مقدمے میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت مسترد کر دی ہے، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری ، حماد اظہر اور فرخ حبیب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
دوسری جانب زمان پارک ہنگامہ آرائی کیس میں تحریک انصاف کے 93 کارکنان کے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے گئے۔ عدالت نے 50، 50 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے جانے پر کارکنان کی رہائی کا روبکار جاری کر دیا۔