اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے چھوٹی گاڑیوں کے لیے فیول سبسڈی کی مخالفت کردی۔ جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موٹر سائیکل کل گاڑیوں کا 47 فیصد ہے مگر حکومت نے رکشوں، سوزوکی، کیری اور چھوٹی گاڑی کو بھی فیول سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے، اس پر آئی ایم ایف کا حکومت سے سوال کرنا بنتا ہے مگر حکومت کے پاس اس کا جواب موجود ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف بضد ہے کہ پاکستان اپنے دوست ملکوں کے ذریعے 6 ارب ڈالر کا بندوبست کرکے دکھائے ، جب تک یہ نہیں ہوتا پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات تعطل کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو قرضے کے لیے دوست ملکوں کے ساتھ الگ الگ بات چیت کرنے کے بجائے انہیں ایک ساتھ اپنا پلان پیش کرنا چاہیے، امریکا، عرب ملکوں، چین اور پیرس کلب کے ملکوں کے ساتھ اکٹھی بات چیت کرنی چاہیے۔