لاہور : موبائل پر شناختی کارڈ بنوانے کیلئے نادرا نے نئی ایپلی کیشن متعارف کروا دی۔ چیئرمین نادرا طارق ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی موبائل ایپ سے شناختی کارڈ بنوانے کی درخواست کسی بھی جگہ سے دی جا سکے گی اور دستاویزات بھی اپ لوڈ کئے جاسکیں گے۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ’پاک آئیڈینٹٹی‘ کے نام سے نئی موبائل ایپلی کیشن متعارف کروا دی، پاکستانی شہری اب موبائل ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ بنوا سکیں گے۔
چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ موبائل ایپ سے متعلق اپنی آرا سے ضرور آگاہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ نئی ایپ کے ذریعے شناختی کارڈ کیلئے موبائل پر ہی فنگر پرنٹس بھی دیے جا سکتے ہیں۔ طارق ملک نے کہا کہ یہ موبائل ایپ تمام پاکستانی شہریوں کے لئے بے پناہ سہولت کا باعث بنے گی، موبائل ایپ نادرا کی کامیابیوں میں بھی ایک نیا اضافہ ثابت ہو گی۔
چیئرمین نادرا کے مطابق پاکستان ایک سے زیادہ بائیومیٹرک اور دستاویزات جمع کرانے جیسی سہولیات آن لائن متعارف کرانے والا پہلا ملک بن چکا ہے، ایپ کی تیاری میں کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات بنوانے کےلئے شہریوں کو نادرا کے دفاتر جانا پڑتا تھا اور طویل قطار میں کھڑے ہوکر متعلقہ کام کروانا پڑتا تھا۔ تاہم اب نادرا کی جانب سے متعارف کروائی گئی جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہری گھر بیھٹے اپنی ضرورت کی چیز بنواسکتے ہیں۔