Saturday November 23, 2024

تحریک انصاف کے جلسے سے قبل مینار پاکستان جلسہ گاہ میں پانی چھوڑ دیا گیا

لاہور : تحریک انصاف کے جلسے سے مینار پاکستان جلسہ گاہ میں پانی چھوڑ دیا گیا پی ٹی آئی رہنما اسلم اقبال نے لاہور ہائیکورٹ کی اجازت کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے جلسہ گاہ میں پانی چھوڑنے کی مذمت کی ہے۔ اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے ہتھکنڈے موجودہ نام نہاد حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئیکو 26 مارچ کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی سے حلف لینے کے بعد جلسے کی اجازت دی گئی ہے،

ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے اجازت کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جلسہ انتظامیہ اسٹیج، خواتین اور تمام انکلوژز کی سیکیورٹی کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہوگی اور جلسہ گاہ میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، عدلیہ اور اداروں کی خلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔ اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی کو بہتر بنانے اور ٹریفک کی آمد و رفت کو برقرار رکھنے کے لیے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق جلسے کے دوران پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانونی دفعات کی پاسداری کی جائے گی۔ اجازت نامے کے مطابق جلسے کے دوران پی ٹی آئی عہدیداران، رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے، جلسے کے باعث کسی بھی جگہ کاروباری مراکز بند کرانے اور نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں ہوگی، جلسہ میں کارکنوں اور تمام متعلقہ افراد ڈنڈے یا اس سے متعلقہ کوئی چیز ساتھ نہیں لاسکیں گے۔ اجازت نامے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جلسہ گاہ اور اطراف میں کسی بھی قسم کے اسلحہ کے نمائش کی اجازت نہیں ہوگی، جلسہ میں شامل افراد کے لیے مناسب پارکنگ کا انتظام کیا جائے گا، دوسرے اضلاع سے آنے والے شرکا لاہور انتظامیہ کی تمام شرائط پر عمل کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے 25 مارچ کی رات 9 بجے ہی کارکنان کو جلسہ گاہ پہنچنے کی ہدایت کر دی، پی ٹی آئی نے کہا کہ جلسہ 25مارچ کی رات نوبجے شروع ہو گا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب رات بارہ بجے کے بعد 26مارچ کو ہوگا۔

FOLLOW US