Sunday November 24, 2024

پولیس تشدد کے باعث شبلی فراز کی حالت بگڑ گئی زخمی حالت میں ہسپتال منتقل

اسلام آباد : پولیس تشدد کے باعث شبلی فراز کی حالت بگڑ گئی، عمران خان کے چیف آف سٹاف کے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کا انکشاف، زخمی حالت میں ہسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس آمد کے موقع پر کشیدہ صورتحال کے دوران پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے شبلی فراز کی طبیعت بگڑ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس تشدد اور آنسو گیس شیلنگ کی وجہ سے شبلی فراز ناصرف زخمی ہوئے، بلکہ ان کے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے شبلی فراز کے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کی تصدیق کی گئی ہے، جس کے بعد انہیں زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس سے قبل چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کو پولیس نے احاطہ عدالت سے گرفتاری کے بعد رہا کر دیا تھا۔ شبلی فراز نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ جوڈیشل کمپلیکس ایف سی سے بھری ہوئی ہے اور شیلنگ کی جا رہی ہے، بعد ازاں انہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا، شبلی فراز کو قیدیوں کی وین میں ڈالا گیا۔ پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز، مراد سعید اور فرخ حبیب پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق شبلی فراز کے سر پر لاٹھی لگ گئی۔ کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ شبلی فراز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جج نے پولیس کو ہدایت کی کہ شبلی فراز کو عدالت میں پیش کیا جائے۔

FOLLOW US