نیویارک : عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، خام تیل کی قیمتیں 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں، گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل، گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ عالمی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 6 فیصد کمی سے 72 عشاریہ 80 ڈالرز کی سطح پر آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 6.39 فیصد کمی کے بعد 66.77 ڈالرز پر آگئی۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے علاوہ گیس کی قیمت بھی ساڑھے 6 فیصد کم ہوئی ہے، جبکہ کوئلے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اس وقت تیل کی قیمتیں دسمبر 2021 کی قیمتوں کی سطح پر آ گئی ہیں۔ تاہم عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا پاکستان کے صارفین کو فوری ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف شرائط اور روپے کی بےقدری کی وجہ سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ یہاں یہ واضح رہے کہ روس اور یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 130 ڈالرز کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچ گئی تھیں۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے دنیا بھر میں مہنگائی اور معاشی سست روی کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے پاکستان بھی برح طرح متاثر ہوا، جہاں گزشتہ ایک سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 120 روپے سے زائد اضافہ ہو چکا ۔