Saturday November 23, 2024

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے تک اضافہ کر دیا

اسلام آباد : حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے تک اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمت 5 روپے کے اضافے کے بعد 272 روپے فی لیٹر ہو گئی، نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 13 روپے اضافے کے بعد 293 روپے فی لیٹر ہوگی جبکہ مٹی کا تیل 2 روپے 56 پیسے مہنگا ہو کر 190 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہوگیا ۔ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل، گیس اور کوئلے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے کہا گیا ہے

کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 15 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں۔ عالمی مارکیٹ میں دوران ٹریڈنگ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت 6 فیصد کمی سے 72 عشاریہ 80 ڈالرز کی سطح پر آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 6.39 فیصد کمی کے بعد 66.77 ڈالرز پر آگئی۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے علاوہ گیس کی قیمت بھی ساڑھے 6 فیصد کم ہوئی ہے، جبکہ کوئلے کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اس وقت تیل کی قیمتیں دسمبر 2021 کی قیمتوں کی سطح پر آ گئی ہیں۔ تاہم عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا پاکستان کے صارفین کو فوری ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف شرائط اور روپے کی بےقدری کی وجہ سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

FOLLOW US