Tuesday April 30, 2024

صدر مملکت آئین کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس کے پابند ہیں،اعتزاز احسن

اسلام آباد : نامور قانون دان اور پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت وزیر اعظم کا اختیار ہے وہ ایڈوائس دیں،صدر مملکت آئین کے تحت وزیر اعظم کی ایڈوائس کے پابند ہیں،تمام لوگ ایک پیج پر آ جائیں تو یہ اچھا ہو گا۔ اعتزاز احسن نے اے آر وائے نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تقرریوں کے معاملے پر تنازع نہیں ہونا چاہیے،وزیرا عظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط نہ کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

اعتراضات سے نئی بحث شروع ہو جائے گی جس سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے اختلافات اپنی جگہ لیکن آئینی اختیار انکا حق ہے،اتفاق رائے کو بڑھانا چاہیے اور ایہ ایک اچھا موقع ہے۔ یاد رہے کہ نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تقرری کی سمری ایوان صدر کو موصول ہو گئی ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے سمری کی منظوری دی جائے گی۔

صدر مملکت آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر منظوری دیں گے۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد جنرل سید عاصم منیر کے آرمی چیف تعینات ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا جبکہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔ جبکہ لیفٹننٹ جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کر دیا گیا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹننٹ جنرل عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کر دیا گیا ہے۔ ، لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹنٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف اور لیفٹنٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا۔

FOLLOW US