گوجرانوالہ : گوجرانوالہ کے علاقے گلشن کالونی میں نوجوان لڑکی نے ڈکیتی کی واردات ناکام بناتے ہوئے ڈاکوﺅں کو پکڑ لیا اور ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی۔ تفصیلات کے مطابق ماس کام کی طالبہ بسمہ اپنی والدہ کے ہمراہ یونیورسٹی جانے کیلئے گھر سے نکلیں اور راستے میں اے ٹی ایم سے 5 ہزار روپے نکلوائے، ڈاکوﺅں نے بسمہ کا پیچھا شروع کر دیا، طالبہ بس سٹاپ پر آ کر یونیورسٹی آف گجرات کی بس کا انتظار کرنے لگی، اتنی دیر میں ڈاکوآئے اور انہوں نے بسمہ سے اس کا بیگ چھیننے کی کوشش کی لیکن بہادر لڑکی نے اعصاب پرقابو رکھتے ہوئے بیگ کو زور سے تھاما اور واپس کھینچا ،ڈاکوﺅں کی موٹر سائیکل سلپ ہو گئی جس سے وہ گرگئے تو ان کی پستول بھی زمین پرگرِ گئی ۔بسمہ نے بھاگ کر جلدی سے زمین سے پستول اٹھا لی اور ڈاکوﺅں کو زیر کر دیا ۔
جب قریب کھڑے لوگوں نے یہ معاملہ دیکھا تو انہوں نے آگے بڑھ کر ڈاکوﺅں کو پکڑ لیا جبکہ بسمہ نے پستول ہاتھ میں تھامی اور دوسرے ہاتھ سے موبائل فون نکال کر ان کی ویڈیو بنائی ، پولیس نے موقع پر پہنچ انہیں گرفتار کر لیا ۔ بسمہ نے ویڈیو میں ڈاکوﺅں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ” تم لوگوں نے لڑکیوں کو کمزور سمجھا ہواہے ، یہ ویڈیو میں سوشل میڈیا پر شیئر کروں گی ، اب تم لوگ معافیاں مانگ رہے ہو”۔