Monday November 25, 2024

پی ٹی آئی کی راولپنڈی میں 15 سے 20 لاکھ لوگ لانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل ،حکومت کو الیکشن پر مجبور کرنے کیلئے مزید دباؤ بڑھایا جائے گا

لاہور : تحریک انصاف نے راولپنڈی میں 15 سے 20لاکھ لوگ لانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں، حکومت کو الیکشن پر مجبور کرنے کیلئے مزید دباؤ بڑھایا جائے گا، آزادی مارچ پنڈی کیلئے پنجاب بھرسے بندے لانے کیلئے یونین کونسل کو ٹاسک دے دیا گیا۔ اے آروائی نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت زمان پارک میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں عمر سرفراز چیمہ، مونس الٰہی، راجا بشارت، مصدق عباسی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں عام انتخابات، اعظم سواتی تشدد کیس اور ارشد شریف قتل کیس کو پوری شدت کے ساتھ اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں سائفر کے معاملے کو بھی پوری شدت کے ساتھ آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ عوامی سطح سمیت سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر معاملات کا زوروشور سے پرچار کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں پارٹی بیانیئے کو گھر گھر پہنچائیں گے۔ ملک میں ہوشربا مہنگائی، حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کو بھی بھرپورا انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ تحریک انصاف نے فیصلہ کیا کہ حکومت مخالف تحریک کو تقویت دینے کیلئے یونین کونسلز کی سطح پر لے جایا جائے گا۔حقیقی آزادی مارچ پنڈی کیلئے پنجاب بھر کی یوسیز کو بھی ٹاسک دیے جائیں گے، حکومت کو عام انتخابات کیلئے مجبور کرنے کیلئے مزید دباؤ بڑھایا جائے گا۔

راولپنڈی میں 15 سے 20لاکھ لوگ لانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گے۔ کمیٹیوں کی کارکردگی کی رپورٹ عمران خان کو روزانہ کی بنیاد پر دی جائے گی۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان،اسد عمر اور فواد چوہدری کو نوٹس جاری کر دئیے۔ سپریم کورٹ میں توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت عظمٰی نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن نے مختلف ہائیکورٹس میں زیر التوا کیسز کسی ایک ہائیکورٹ میں منتقل کرنے کی درخواست کی؟

FOLLOW US