Monday November 25, 2024

دعا بھٹو نے حلیم عادل شیخ کے خلاف دائر خلع کا دعوی واپس لے لیا

کراچی: کراچی کی فیملی کورٹ میں دعا بھٹو نے حلیم عادل شیخ کے خلاف دائر خلع کا دعوی واپس لے لیا۔دعا بھٹو نے عدالت میں درخواست جمع کرائی کہ میں نے رہائش ضلع ملیر سے اولڈ کراچی منتقل کر دی ہے۔رہائش منتقل کرنے کی وجہ سے ضلع ملیر کی کورٹ سے کیس واپس لے رہی ہوں،درخواست واپس لینے کی اجازت دی جائے۔دعا بھٹو کی درخواست کے بعد عدالت نے کیس خارج کر دیا۔ گذشتہ روز فیملی عدالت ملیر کے روبرو ایم پی اے دعا بھٹو کی حلیم عادل شیخ سے خلع کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے حلیم عادل شیخ کو 29 نومبر کیلئے نوٹس جاری کئے، دعا بھٹو نے خلع اور بچے کیلئے نان نفقہ کی درخواست دائر کررکھی تھی۔ دعا بھٹو نے ماہانہ سات لاکھ روپے اخراجات کی مد میں دینے کا مطالبہ کیا تھا، گھر کے اخراجات اور مکان کے کرائے کی مد میں دو لاکھ ماہانہ الگ دیئے جائیں۔

بچے کی کفالت اور گارڈین کی ذمہ داری بھی دی جائے۔ یہ بھی اختیار دیا جائے کہ بچہ کو آزادانہ طور پر ملک کے اندر اور باہر لے جاسکوں۔۔خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ پی ایس 99 کراچی ایسٹ جب کہ دعا بھٹو خواتین کی مخصوص نشست سے رکن سندھ اسمبلی ہیں، دونوں کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔دونوں نے 2018 کے عام انتخابات کے فوری بعد شادی کی تھی، جسے تین سال تک خفیہ رکھا گیا تھا، تاہم ستمبر 2021 میں دعا بھٹو کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد شادی کا اعتراف کیا گیا تھا۔ دعا بھٹو کی جانب سے خلع کا کیس دائر کرنے کی وجوہات سامنے آگئی ہیں۔ 2018میں علیم عادل شیخ سے شادی ہوئی تھی۔پانچ لاکھ روپے حق مہر مقرر کیا گیا تھا جو تاحال ادا نہیں کیا گیا۔ نکاح نامہ حلیم عادل شیخ کے پاس ہے جو آج تک مجھے نہیں دیا گیا۔حلیم عادل شیخ کی پہلی شادی کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا۔حلیم عادل شیخ کی پہلی بیوی اور بچے میری زندگی میں مداخلت کرتے ہیں۔حلیم عادل شیخ بدتمیزی، ذہنی ٹارچر کرتے رہے ہیں۔ حلیم عادل شیخ کا رویہ نامناسب ہے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔ حلیم عادل شیخ نے اپنی پہلی دو بیویوں کو بنگلوں میں رکھا ہوا ہے۔

FOLLOW US