Friday November 22, 2024

ملک بھرمیں سردیوں میں گیس کی قیمتیں بڑھانے کی تیاری سوئی ناردرن کی 237 فیصد اور سوئی سدرن کی 96.36 فیصد تک قیمت بڑھانے کی درخواست

اسلام آباد : ملک بھرمیں سردیوں میں گیس کی قیمت بڑھنے کا امکان ظاہر کردیا گیا، سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت 237 فیصد اور سوئی سدرن نے 96.36 فیصد تک بڑھانے کی درخواست کردی، اوگرارواں ماہ کے آخر میں گیس کمپنیوں کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ اے آروائی نیوز کے مطابق شہری اب گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے بھی تیار ہوجائیں، گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں 237 فیصد تک اضافہ مانگ لیا، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن نے درخواستیں اوگرا میں جمع کرا دیں۔

سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت 237 فیصد بڑھانے کی درخواست کی ہے، سوئی سدرن نے گیس ٹیرف 96.36 فیصد تک بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ اوگرا سوئی ناردرن کی درخواست پر 14 نومبر کو سماعت کرے گا، اسی طرح سوئی سدرن کی درخواست پر 21 نومبر کو سماعت کی جائے گی۔ اسی طرح اے آروائی نیوز کے مطابق ستمبر 2022 کیلئے ڈسکوز کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ، نیپرا نے رواں سال ستمبرکے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 8 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے ، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

سی پی پی اے جی نے 20 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی،نیپرا اتھارٹی نے پچھلے ماہ 26اکتوبر 2022کو فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تعین کیلئے عوامی سماعت کی تھی۔ مزید برآں کراچی کے لیے بجلی 51 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی، نیپرا نے حکومتی درخواست پر بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ یونیفارم ٹیرف کی مد میں کیا گیا ہے۔
نیپرا حکام کے مطابق کراچی کے صارفین سے ستمبر تا نومبر کے بلوں میں وصولی ہوگی، کے الیکٹرک کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 3 روپے 55 پیسے بنتی ہے لیکن عوام 51 پیسے فی یونٹ کے حساب سے ادا کریں گے۔ حکومت 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ سبسڈی دے گی جبکہ کراچی کے عوام کو 291 ارب روپے سالانہ سبسڈی دے رہی ہے۔ کراچی کے صارفین کو بجلی فی یونٹ 43 روپے 38 پیسے میں پڑتی ہے جس پر حکومت 17روپے 29 پیسے فی یونٹ سبسڈی دے رہی ہے، صارفین کو 29 روپے 9 پیسے میں بجلی دی جاتی ہے۔ نیپرا نے ہدایت کی کہ کے الیکٹرک متبادل سستی بجلی کے پلانٹ فوری لگائے، کے الیکٹرک کے مطابق متبادل توانائی کا پلانٹ 2024 میں لگایا جائے گا۔ چیئرمین نیپرا کے مطابق حکومت کے ای کو 10 روپے یونٹ بجلی دے رہی ہے، کے ای خود اپنی بجلی 37 روپے میں پیدا کرتی ہے۔

FOLLOW US