Monday January 13, 2025

اعتزاز احسن کا عمران خان کی عیادت کے لیے جانے کا اعلان عمران خان پر حملے کا بہت افسوس ہے

لاہور: سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے عمران خان کی عیادت کے لیے جانے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ ہمسائے کے طور پر عمران خان کی عیادت کے لیے جاؤں گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ عمران خان پر حملے کا بہت افسوس ہے، ہمسائے کے طور پر عمران خان کی عیادت کے لیے جاؤں گا۔ انہوں نے کہاکہ ملزم کے اقبالی بیان کے ذریعے مذہبی بیانیہ دینے کی کوشش کی گئی، ملزم کو مذہبی جنونی کہا گیا، مذہبی بیانیے کی بنیاد پر کوئی پارٹی سیاست نہیں کر سکے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان پر حملہ آور ایک طوطا ہے، 15منٹ میں طوطے کی طرح بولنا شروع ہوگیا۔خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو شوکت خانم ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا جس کے بعد انہیں انتہائی سخت سکیورٹی میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک منتقل کر دیا گیا ہے، ان کو 10 روز تک آرام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان ہسپتال سے ڈسچارج ہوتے ہیں اپنی رہائش گاہ زمان پارک چلے گئے، میڈیکل بورڈ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 11 بجے ڈسچارج کر دیا تھا، آرام کے دوران عمران خان کو دائیں ٹانگ پر وزن ڈالنے سے روکا گیا ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ میڈیکل بورڈ عمران خان کا ایک ہفتے تک مسلسل طبی معائنہ کرے گا، عمران خان کے زخم بہتر ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کا10 روز بعد ضرورت پڑنے پر سی ٹی اسکین کیا جا سکتا ہے۔ چیئرمین تحریکِ انصاف نے شوکت خانم ہسپتال سے روانہ ہونے سے قبل گھر سے منگوائے کپڑے پہنے۔ عمران خان کو جمعرات کے روز وزیر آباد میں حملے کے بعد طبی امداد کے لئے لاہور کے شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ چار روز تک زیر علاج رہے۔

FOLLOW US