گھوٹکی میں رونتی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس کیمپ پر حملہ کردیا، ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ اوز سمیت 7 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب گھوٹکی میں رونتی کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس کیمپ پر حملہ کردیا جس کے نتیججے میں ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو، دو ایس ایچ اوز سمیت 7 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ رونتی کے علاقے میں شہید ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے کہ راکٹ لانچروں سے حملہ کرنے کے بعد ڈاکوؤں نے کیمپ پر قبضہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے جس وقت پولیس کیمپ پر حملہ کیا اس وقت وہاں 50 سے زائد پولیس اہلکار، افسران ودیگر افراد موجود تھے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے کیمپ میں موجود 20 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ہے جب کہ 3 بکتربند سمیت پولیس کی 10 گاڑیاں بھی ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں۔ پولیس کیمپ پر حملے کے بعد ضلع بھر سے طلب کی گئی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو کا کہنا ہے کہ کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، کچے میں ایک سو سے زائد جرائم پیشہ موجود ہیں تاہم پولیس کا مورال بلند ہے اور وہ جواں مردی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ شہید اہلکاروں کی لاشیں ڈاکوؤں کے قبضے میں تھیں جو حاصل کر لی گئی ہیں۔